ممبئی، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے آج ایک پرائیویٹ ہیلی کاپٹر میں پونے کے سفر پر تھے، جب اچانک خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ موسم کی خرابی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر یہ فیصلہ لیا گیا۔ بعد ازاں، وزیر اعلیٰ شندے نے سڑک کے راستے پونے کے لیے اپنا سفر جاری رکھا۔ اس واقعے کے دوران کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ شندے جمعہ کے روز ستارا ضلع میں اپنے آبائی گاؤں ڈیرے پہنچے تھے۔ بوقت شام وہ ہیلی کاپٹر سے پونے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی وہاں موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ ایسے موسم میں ہیلی کاپٹر کا سفر مشکل بھرا تھا، اس لیے کیپٹن کو ہیلی کاپٹر وادی کی طرف موڑنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ اس ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ ڈیرے میں کروائی گئی۔
اسپیشل ڈیوٹی آفیسر منگیش چیوٹے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ویڈیو پوسٹ کی ہے اور ساتھ ہی اس واقعہ کے تعلق سے جانکاری بھی دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اپنے آبائی گاؤں ستارا ضلع کے دورے سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پونے کی طرف اسسٹنٹ پربھاکر جی کالے، منگیش چیوٹے اور اسپیشل ورکنگ افسر کاولے کے ساتھ نکلے تھے۔ لیکن اچانک بادل چھا گئے اور تیز بارش شروع ہو گئی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہیلی کاپٹر بیک واٹر سے محض 15 فیٹ اوپر اتر آیا۔ کیا ہیلی کاپٹر کو آس پاس کے کسی کھیت میں اترنا چاہیے؟ پائلٹ ہم سے اس بارے میں پوچھ رہا تھا، لیکن چونکہ آس پاس کوئی زمین نہیں تھی اس لیے ہیلی کاپٹر کو ایک بار پھر پیچھے کی طرف موڑنا پڑا۔‘‘
چیوٹے نے اپنے پوسٹ میں وزیر اعلیٰ شندے کی صحت سے متعلق جانکاری بھی دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک بار پھر اسی جگہ پر اترا جہاں سے اس نے پرواز بھری تھی اور ایکناتھ شندے گاڑی کے ذریعہ پونے کی طرف روانہ ہو گئے۔ مہاراشٹر کی 13 کروڑ عوام کی دعاؤں سے وزیر اعلیٰ اور ہم سبھی محفوظ ہیں۔